(پی سی بی)-سلمان بٹ کی برطرفی, Dailybolawam.pk

(پی سی بی)-سلمان بٹ کی برطرفی

سلمان بٹ کی بطور سلیکشن کنسلٹنٹ برطرفی میں ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کی مخالفت نے بہت ہی اہم کردار ادا کیا ھے۔جیسے ہی ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کو آسٹریلیا میں خبر ملی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سلمان بٹ کو اس عہدے کی پیشکش کی ھے تو انہوں نے فورا اعلیٰ حکام سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں فیصلہ تبدیل کرنے کو کہا۔

سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ بنانے پر ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے بہت شدید ناراضی اور غصے کا اظہار کیا، ذرائع کے مطابق جمعے والے دن جب یہ خبر سامنے آئی تو ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ حیران رہ گئے، انھوں نے فوری طور پر آسٹریلیا سے لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے اعلیٰ حکام سے ٹیلی فون پہ رابطہ کیا اور انہیں اس عہدے سے ہٹانے کیلئے زور دیا۔

اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ کی تقرری کا فیصلہ درست نہیں ہے،کیونکہ میں ہمیشہ داغدار ماضی کے حامل افراد کے ساتھ کام کرنے کی مخالفت کرتا رہاہوں،اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا لہذا اب میں ایسا کیسے کر سکتا ہوں، گزشتہ روز بھی ٹیم ڈائریکٹر محمدحفیظ نے ایک سے زائد بار بورڈ حکام کے ساتھ اس حوالے سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا ھے۔

ذرائع کے مطابق سلمان بٹ اور وہاب ریاض کی آپس میں بہت گہری دوستی ہے،اور وہ انھیں کسی بھی صورت میں قومی سیٹ اپ میں واپس لانا چاہتے تھے، اب اختیار ملنے پر انہوں نے اپنی خواہش کو عملی جامہ پہنا دیا،جبکہ آسٹریلیا روانگی سے قبل محمد حفیظ سے وہاب ریاض نے اپنی اس خواہش کا اظہارکیا تھا تو انھوں نے وہاب ریاض کو ایساکرنے سےسختی سے منع کیا تھا، البتہ ٹیم کی روانگی کے بعد وہاب ریاض نے محمد عامر کی مثال بیان کرتے ہوئے اپنے فیصلے کی بورڈ سے منظوری لے لی۔

وھاب ریاض کے اس یک طرفہ فیصلے کی وجہ سےسوشل میڈیا پر ڈائریکٹر محمد حفیظ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ان کی پرانی ویڈیوز کو بار بار ری پوسٹ کیا جاتا رہا جس میں وہ فکسرز کے ساتھ کبھی کام نہ کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، اس سے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ مزید برہم ہوئے اور حکام پر اس فیصلے کو تبدیل کرنے پر زور دیا، میڈیا اور سابق کرکٹرز نے بھی سلمان بٹ کی تقرری پر شدید تنقید کی تھی۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکومتی عہدےدار بھی اس صورتحال سے خوش نہ تھے، جس وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلے کو تبدیل کر لیا اور وہاب ریاض سے ہی میڈیا کانفرنس کرائی۔

یاد رہے کہ 2010 میں انگلینڈ میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کو جیل کی ہوا کھانا پڑی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں